بچوں سے زیادتی کی 35 وارداتیں کرنیوالے ملزم کے نیفے میں پستول چل گیا، زخمی حالت میں اسپتال منتقل

سی سی ڈی چوہنگ کی ٹیم نے مانگا منڈی میں ملزم عیش بہادر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا


نعمان شیخ April 25, 2026

لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی چوہنگ نے چھاپہ مارا جہاں ملزم فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مانگا منڈی میں ملزم عیش بہادر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کے قریب آنے پر ملزم نے اپنے نیفے سے پستول نکالنے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران پستول اس کے نیفے میں ہی چل گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

سی سی ڈی کے مطابق ملزم عیش بہادر مانگا منڈی کے مقدمہ نمبر 806/26 میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ دورانِ تفتیش ملزم نے بچوں کے ساتھ زیادتی کی 35 وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔