شہر قائد کے علاقے کورنگی جام صادق پل پر ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ اہلیہ شدید زخمی ہوگئی، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹریلر کو آگ لگا دی جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق کورنگی جام صادق پل پر ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئی۔ حادثے کے بعد متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔ جہاں متوفی کی شناخت 40 سالہ وقار کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون متوفی کی اہلیہ ہیں جن کی دونوں ٹانگیں بری طرح سے متاثر ہوئیں اور انہیں جناح اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے کنٹینر لدے ہوئے ٹریلر کو آگ لگا دی جبکہ پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر فائر بریگیڈ حکام کو طلب کیا۔
ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا ایاز خان نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے عوام کے ہاتھوں جلائے گئے ٹریلر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
حادثے کے باعث جام صادق پل پر وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا۔