پنجاب  حکومت کی میٹ ایکسپورٹ کیلیے بڑی کامیابی، 10 لاکھ جانوروں کا ہدف

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو مفت مویشی دینے کا کوٹہ بھی دگنا کر دیا


ویب ڈیسک April 25, 2026

پنجاب حکومت نے میٹ ایکسپورٹ کے لیے 10 لاکھ جانوروں کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اہم پیش رفت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں لائیو اسٹاک کے شعبے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جس میں پنجاب سے 10 لاکھ جانور ایکسپورٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں میٹ ایکسپورٹ کے لیے چینی کمپنی سمیت 7 اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین کی گلوبل میٹ کمپنی پنجاب میں پامکو کے اشتراک سے بوائلر یونٹ نصب کرے گی، جس کے ذریعے بڑے پیمانے پر بوائلڈ میٹ ایکسپورٹ کے لیے تیار کیا جائے گا۔

میٹ کمپنیاں ایکسپورٹ کے لیے تیار 3 لاکھ مویشیوں کا گوشت امپورٹ کریں گی، جبکہ 3 لاکھ بھینسوں، گائیوں اور 3 لاکھ مینڈھوں کی فیٹنگ کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایک لاکھ بکروں اور بھیڑوں کی ایکسپورٹ کے لیے پرورش کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ پنجاب کی ہر تحصیل میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ویٹرنری اسپتال قائم کیے جائیں گے۔ گاؤں گاؤں جا کر مویشیوں کے علاج کے لیے ہر تحصیل میں 4 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی کام کریں گی تاکہ کسانوں اور مویشی پال افراد کو فوری سہولت فراہم ہو سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو مفت مویشی دینے کا کوٹہ بھی دگنا کر دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں بیوہ اور مطلقہ خواتین کو 9255 مویشی مفت دیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایکسپورٹ کا ہدف پورا کرنے کے لیے 20 لاکھ جانوروں کو ٹیگ کیا جائے گا اور 20 لاکھ فارمز کو مویشیوں کی نسل بڑھانے کے لیے 20 لاکھ سیمنز سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار لائیو اسٹاک فارمنگ سیکٹر کی میکانائزیشن کی جائے گی ۔ حکومت پنجاب لائیو اسٹاک مشینری کے لیے 60 فیصد تک سبسڈی دے گی۔ ملک چلر، مکسنگ مشین، ملک کین کولر، ویٹ اسکیل، فیڈ مکسر، پائلٹ مشین اور دیگر مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ فارمنگ کے جدید تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب میں 2022 کے بعد مویشیوں میں گل گھوٹو اور لمپی اسکن کی بیماری رپورٹ نہیں ہوئی، جبکہ حالیہ سیلاب کے بعد بھی لمپی اسکن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔  لمپی اسکن کی درآمدی ویکسین 300 روپے جبکہ مقامی طور پر تیار کردہ مؤثر ویکسین صرف 30 روپے میں دستیاب ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں لائیو اسٹاک جیسے اہم شعبے کو نظر انداز کرنا افسوسناک تھا، جبکہ لائیو اسٹاک فارمز معاشی خود انحصاری کا بڑا ذریعہ بنتے ہیں۔