پاکستان ایل این جی لمیٹڈ بورڈ نے اسپاٹ ایل این جی کارگو خریدنے کی منظوری دے دی

پی ایل ایل نے 27 اپریل سے 14 مئی کے دوران تین ایل این جی کارگوز کے لیے بولیاں طلب کی تھیں


ویب ڈیسک April 25, 2026

پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) کے بورڈ نے ایک اسپاٹ ایل این جی کارگو خریدنے کی منظوری دے دی ہے، جو 30 اپریل کو پاکستان پہنچے گا۔ یہ کارگو اسپاٹ مارکیٹ سے خریدا گیا ہے تاکہ ملک کی توانائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایل ایل نے 27 اپریل سے 14 مئی کے دوران تین ایل این جی کارگوز کے لیے بولیاں طلب کی تھیں، جن کے جواب میں گزشتہ روز تین بڈز موصول ہوئیں۔ ان میں سے صرف 27 سے 30 اپریل کی سپلائی کے لیے ایک اسپاٹ کارگو کی بولی منظور کی گئی، جس کی قیمت 18.88 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر ہوئی۔

تاہم یکم سے 7 مئی اور 8 سے 14 مئی کے لیے آنے والی بولیوں کو منظور نہیں کیا گیا۔ ان میں یکم تا 7 مئی کے کارگو کی بولی 18.54 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ 8 تا 14 مئی کے لیے 17.99 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی پیشکش شامل تھی۔

پی ایل ایل حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ مارکیٹ صورتحال اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ سپلائی کے لیے بھی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔