گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور نمائشی اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے انعقاد پر اٹھنے والے اخراجات کو اگر یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ کیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔
گورنر کے پی نے کہا کہ آئین میں اختیارات تو موجود ہیں، تاہم یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ حالیہ اجلاس حکومت کے خلاف تھا یا اسپیکر کے خلاف، کیونکہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپنے ہی خلاف اجلاس بلا لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گراؤنڈز نوجوانوں کی سرگرمیوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، لیکن انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جو افسوسناک ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاسی جماعت کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپشن کا بازار گرم ہے اور بعض عناصر تاحیات مراعات لینے کی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے صوبے کے مسائل پر توجہ دیں اور عوام کی فلاح کے لیے اقدامات کریں، نہ کہ غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں میں وقت ضائع کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف بیانات دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سرمایہ کاری، ترقی اور جدید کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک سازگار اور پرکشش خطہ ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ میں رئیل اسٹیٹ، ہاؤسنگ، سیاحت، سپیشل اکنامک زونز اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پشاور میں پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو (PIPEX) 2026 کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ایکسپو میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا
تقریب میں سرحد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنیدالطاف، مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندے،بلڈرڑ، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالی شخصیات نے شرکت کی-
انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں رئیل اسٹیٹ سے متعلق عالمی معیار کی نمائش نے پاکستان کا مثبت اور متحرک چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر اعتماد، شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی قدیم تہذیب، عوام کی کاروباری ذہانت اور نوجوانوں کی جدت طرازی صوبے کو معاشی ترقی کا مرکز بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مناسب سہولیات اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے ان صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے، شفافیت اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے صوبہ نہ صرف قومی بلکہ علاقائی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔