امریکی وفد جنگ بندی مذاکرات کے لیے تاحال پاکستان نہیں پہنچا ہے لیکن اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان روانہ ہوگئے جہاں سے وہ ماسکو جائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز اپنے سہہ ملکی دورے کے آغاز پر پاکستان پہنچے تھے جہاں امریکا سے جنگ بندی مذاکرات کا دوسرا دور ہونا ہے۔
علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس نے اعلان کی تھا کہ صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر آج ( ہفتے کی شام) پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے تاہم اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ عمان کے لیے روانہ ہوگئے۔
ادھر امریکی وفد بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہے اور کچھ دیر میں روانہ ہوجائے گا لیکن ایرانی وزیر خارجہکی عدم موجودگی کے باعث مذاکرات کے مستقبل پر غیریقینی صورت حال ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ متوقع طور پر مسقط اور ماسکو کے دورے کے بعد دوبارہ اسلام آباد آ سکتے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود مذاکرات سے واقف شخص کے بقول توقع ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اتوار یا پیر کو دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔
یاد رہے کہ امریکی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پاکستان میں ایرانی وزیر خارجہ سے جنگ بندی مذاکرات پر بات چیت کریں گے جس کے لیے وائٹ ہاؤس کے بقول خود ایران نے درخواست کی تھی۔