پاکستان کی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے مختلف عالمی رہنماؤں سے اہم رابطے کیے ہیں۔
دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کینیڈا، برطانیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیرِخارجہ انیتا آنند سے گفتگو میں پاکستان کے مکالمے اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کیا دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان-کینیڈا تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
برطانوی وزیرِخارجہ یوویٹ کوپر سے گفتگو میں علاقائی پیش رفت اور امن و استحکام کے امور زیرِ غور آئے۔
برطانوی وزیرِخارجہ نے خطے میں مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لیےپاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ دونوں ممالک نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسی طرح مصر کے وزیرِخارجہ بدر عبدالعاطی سے رابطے میں بھی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصری وزیرِخارجہ نے امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے اپنے علاقائی و عالمی رہنماؤں سے رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان موجودہ علاقائی صورتحال میں فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطوں کے ذریعے امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔