لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ندیم کے نام سے ہوئی، فائرنگ کرنے والے افراد نے کار میں سوار خاتون کو پہلے گاڑی سے اتارا اور بعد ازاں ندیم پر فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا۔
خاتون کی شناخت ’’ر‘‘ کے نام سے ہوئی، خاتون کے بیان کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نواب ٹاؤن رائے ونڈ کے قریب پیش آیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، عینی شاہد کے مطابق مقتول اپنی دوست کے ہمراہ جا رہا تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کی۔
قائم مقام ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے بتایا کہ مقتول کے لواحقین سے رابطے میں ہیں، درخواست موصول ہوتے ہی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔