علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے ٹرمینل کا کام آخری مراحل میں داخل

مسافروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ سہولیات رواں برس فراہم کر دی جائیں گی، حکام


ویب ڈیسک April 28, 2026

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے ٹرمینل کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا، مسافروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ سہولیات رواں برس فراہم کر دی جائیں گی۔

نئے ٹرمینل کی تعمیر سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سالانہ مسافر گنجائش ایک کروڑ ہو جائے گی جبکہ اس سے قبل یہ تعداد پچاس لاکھ تھی۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر توقیر اقبال نے بتایا کہ یہ منصوبہ رواں برس مکمل کر لیا جائے گا جس پر 26 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹرمینل کی عمارت اور انفراسٹرکچر تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

ان کے مطابق نئے ٹرمینل کی بدولت روانگی اور آمد کے کاؤنٹرز میں 144 کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ کمرشل ایریا بھی وسیع کیا جا رہا ہے جہاں مقامی اور ملٹی نیشنل برانڈز اپنے آؤٹ لیٹس قائم کر سکیں گے۔

مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کنویئر بیلٹس کی تعداد بڑھا کر پانچ کی جا رہی ہے تاکہ سامان فوری طور پر مسافروں تک پہنچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ طیاروں کی پارکنگ گنجائش میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے، جس سے مزید 4 سے 5 جہاز باآسانی پارک ہو سکیں گے۔

ائیرلائنز کے بورڈنگ پاس کے لیے کاؤنٹرز کی تعداد بھی نمایاں طور پر بڑھا دی گئی ہے، جبکہ خودکار بورڈنگ کارڈ مشینیں بھی نصب کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو منٹوں میں بورڈنگ پاس مل سکے گا۔

حکام کے مطابق چاہے دھند ہو یا بارش، ایک وقت میں متعدد پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے باوجود مسافروں کو طویل قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسافروں کو عالمی معیار کی تمام جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مہنگے ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔