راولپنڈی:
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو کھانے پینے میں کچھ دیا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے آنکھیں مزید متاثر ہو سکتی ہیں، اگرایک آنکھ متاثر ہوئی ہے تو دوسری بھی ہوسکتی ہے۔
فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو فیملی کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل بھیجا جائے، ہمیں ماہرین نے کہا ہے کہ کھانے پینے میں کچھ دیا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے آنکھیں مزید متاثر ہو سکتی ہیں، اگرایک آنکھ متاثر ہوئی ہے تو دوسری آنکھ میں بھی متاثر ہوسکتی ہے، عمران خان نے سلمان صفدر کو کہا ہے کہ پہلے انجیکشن کے بعد میری آنکھ میں بہتری آئی تھی مگر مزید انجیکشن لگانے سے آنکھ مزید بہتر نہیں ہو رہی۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی صحت دن بدن گرتی جا رہی ہے وہ روزانہ ورزش کرتے ہیں یہ غلط اطلاعات پھیلا رہے ہیں کہ ورزش نہیں کررہے، عمران خان نے سلمان صفدر کو کہا آپ میرے قریب بیٹھے ہوئے بھی نظر نہیں آرہے، ان کی صحت کیوں خراب ہو رہی ہے جبکہ وہ روزانہ اڑھائی گھنٹے ورزش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سلمان صفدر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل ہیں، مجھے نہی معلوم کہ ان کے بارے میں کوئی کیا کہ رہا ہے؟ پی ٹی آئی والے ان کے خلاف کیوں بات کریں گے وہ ایک پروفیشنل وکیل ہیں، ان کے بارے میں جو بھی پروپیگنڈا ہو رہا ہے وہ پی ٹی آئی نہیں بلکہ ایجنسیاں کر رہی ہیں۔
متنازع پوسٹر کی تقسیم کرنے پر تین کارکن زیر حراست
دریں اثنا راولپنڈی فیکٹری ناکہ پر متنازع پوسٹر کی تقسیم کرنے پر تین کارکن تحویل میں لے لیے گئے اور تینوں کو پولیس وین میں اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا۔
مزید برآں عمران خان اور بشریی بی بی سے ملاقات کا دن تھا جو کہ ختم ہوگیا، کسی فیملی ممبر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، عمران خان کی تینوں بہنیں کارکنان سمیت تاحال فیکٹری ناکہ پر موجود ہیں، بشری بی بی کی بھابھی اور بیٹی بھی فیکٹری ناکہ کے قریب گاڑی میں موجود ہیں۔