توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلہ کیا جائے، بشریٰ بی بی کی استدعا

بشریٰ بی بی کو فوری طور پر کسی اچھے اسپتال منتقل کیا جائے، آنکھ کے علاج کا مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے ، درخواست


کورٹ رپورٹر April 28, 2026

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلے کے لیے متفرق درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی ہے کہ سزا معطلی کی درخواست کو میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر سن کر فیصلہ کیا جائے، سپرنٹنڈنٹ جیل اور الشفا اسپتال کے شعبہ چشم کے سربراہ کو مکمل میڈیکل ریکارڈ سمیت طلب کیا جائے، بشریٰ بی بی کو فوری طور پر کسی اچھے اسپتال منتقل کیا جائے۔

درخواست میں وکیل کے توسط سے استدعا کی گئی ہے کہ وکلاء اور اہل خانہ کو بشریٰ بی بی تک بلا تعطل اور باقاعدہ رسائی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، جیل حکام نے اچانک اور غیر رسمی طور پر آگاہ کیا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن ہوا ہے، بشریٰ بی بی کا آپریشن الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال راولپنڈی میں کیا گیا، جس کا علم اہل خانہ اور وکلاء کو بعد میں ہوا، آپریشن سے قبل اہل خانہ یا وکلاء سے کوئی مشاورت کی گئی اور نہ ہی رضامندی لی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آپریشن مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا اور اس دوران وکلاء یا اہل خانہ تک رسائی نہیں دی گئی، ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں پر پٹیاں اور کالا چشمہ تھا، وہ شدید تکلیف میں نظر آئیں، بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر ہونے یا ضائع ہونے کا خطرہ ہے، آپریشن جیسے سنجیدہ عمل کے بعد بشریٰ بی بی کو دوبارہ جیل منتقل کر کے تنہائی میں رکھا گیا ہے، جیل میں بشریٰ بی بی کو کسی قسم کی طبی نگرانی، اٹینڈنٹ یا نرسنگ کی سہولت میسر نہیں ہے، جیل حکام کا رویہ ظالمانہ، غیر انسانی اور آئینی وقار کے منافی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل حکام نے بشریٰ بی بی کے آپریشن کے نوٹس، تشخیص یا بعد از آپریشن ادویات کا کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا، اسلام آباد کے ریڈ زون کی بندش کی وجہ سے عدالتی کام میں رکاوٹ سے کیس مزید تاخیر کا شکار ہوا۔