شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مبینہ طور پر 14 سال کی طالبہ اسکول کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے گبول کالونی میں واقع نجی اسکول کی چھت سے گر کر طالبہ کے جاں بحق ہونے کا واقعہ 21 اپریل کو پیش آیا تھا جس کے بعد بچی آج دم توڑ گئی، متوفیہ کی شناخت کنزا حسین کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق اسکول پرنسپل نے بتایا کہ بچی سیڑھیوں سے گری تھی، حادثے کے بعد اسے اسپتال بھی لے کے گئے تھے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ بچی کے والدین پہلے تھانے گئے لیکن قانونی کاروائی سے انکار کیا تھا، ساتھ میں یہ بھی بتایا تھا کہ بچی تیسری منزل سے گر گئی تھی۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق والدین اب اسکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی چاہتے ہیں، تاہم اس سے قبل اسکول انتظامیہ اور والدین کے درمیان باہمی طور پر معاملہ حل ہو گیا تھا۔
پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کی جبکہ واقعے کے وقت موجود دیگر طالب علموں سے معلومات لی گئیں جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بچی چھت کو جانے والی سیڑھیوں سے گری تھی۔