کراچی : دو ملزمان سنار کی دکان کا شٹر کاٹ کر تجوری لے اڑے، ویڈیو سامنے آگئی

پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے پیش آیا جب دو ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور کٹر کے ذریعے شٹر کاٹنے لگے


ویب ڈیسک April 29, 2026

کراچی کے علاقے صدر زیب النساء اسٹریٹ میں واقع جیولری شاپ پر چوری کی واردات پیش آئی جہاں مبینہ طور پر ملزمان شٹر توڑ کر دکان سے تجوری نکال کر فرار ہو گئے جس میں بھاری مالیت کا سونا موجود تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے پیش آیا جب دو ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور کٹر کے ذریعے شٹر کاٹنے لگے، اسی دوران چوکیدار موقع پر پہنچا تو ملزمان نے اس پر اسلحہ تان لیا اور مبینہ طور پر اسے ساتھ ملا کر تجوری باہر نکلوائی، تاہم بعد میں اسے رقم دیے بغیر فرار ہو گئے۔

ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ پولیس کے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید تکنیک استعمال کی جائے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہروز علی کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے 5 بجے پیش آیا، چوکی دار چائے پینے گیا ہوا تھا واپس آیا تو ملزمان کو دیکھا، چوکیدار کے مطابق ملزمان نے کہا کہ ہماری مدد کرو گے تو 50ہزار روپے دیں گے، ملزمان نے چوکیدار کی مدد سے دکان میں موجود تجوری کو باہر نکالا بعدازاں ملزمان بغیر پیسے دیئے تجوری لے کر فرار ہوگئے۔

 

واقعے کا مقدمہ پریڈی تھانے میں الزام نمبر 288/2026 سنار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی کے مطابق تجوری میں سونے اور چاندی کے بسکٹ موجود تھے، تجوری میں ملکی و غیر ملکی کل بیس لاکھ روپے اور لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول موجودتھا، مدعی نے تجوری میں موجود سونے اور چاندی کے بسکٹ کی مالیت درج نہیں کرائی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنا پر تفتیش جاری ہے۔