وفاقی کابینہ نے نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کی منظوری دے دی جس میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفکیشن کے لیے خصوصی اقدامات بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ ملک کی پہلی قومی ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی سمیت دیگر پالیسیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں انہوں نے کابینہ اراکین کو پاکستان کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا اور عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بحران کے باوجود عوامی سہولت کے لیے صورت حال ہر ممکن بہتر انداز میں سنبھالنے پر اظہار اطمینان کیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف شعبہ جاتی پالیسیوں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کی پالیسی، ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی، نیشنل سیڈ پالیسی اور نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کی پالیسی کی منظوری دی، اس تناظر میں ڈریپ کی زیر نگرانی قیمتوں کے تعین اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی، پالیسی کا مقصد ویکسین کی مد میں درآمدات پر انحصار کم کرنا، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور ملک کو ویکسین کی تیاری میں خود کفیل کرنا ہے۔
کابینہ نے وفاقی نظامت تعلیم میں یومیہ اجرت پر خدمات سر انجام دینے والے گریڈ 1 تا 15 کے اساتذہ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ان کی اہلیت کے مطابق ایف ڈی ای وزیٹنگ فیکلٹی ریگولیشنز 2025 کے تحت ان کی خدمات بطور وزیٹنگ فیکلٹی لیے جانے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت ملکی صنعت و تجارت کی ضرویات اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق افرادی قوت کی استعداد کار کو ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید براں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے لیے خصوصی اقدامات بھی پالیسی کا حصہ ہیں، وفاق اور تمام صوبے اس تناظر میں باہمی تعاون سے کام کریں گے، نجی شعبہ بھی اس پالیسی پر عمل درآمد کا اہم حصہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کی بھی منظوری دے دی، اس پالیسی کا مقصد قومی غذائی تحفظ، زرعی پیداور میں خاطر خواہ اضافہ اور زرعی شعبے میں تحقیق و ترقی اور مؤثر حکمت عملی کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں نیشنل سیڈ پالیسی 2025 کی بھی اصولی منظوری دی گئی، جس کا مقصد غذائی تحفظ اور کسانوں کو بااختیار بنانا ہے، پالیسی کے تحت 15 سے 20 فی صد زرعی پیداوار میں اضافہ اور عالمی معیار کی سیڈ کمپنیز کے ساتھ شراکت داری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیپرا کی سالانہ رپورٹ 2025 اور اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2025 بھی پیش کی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ عمران احمد شاہ کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔