کوئٹہ:
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف رہائشی علاقوں میں نامعلوم سمت سے داغے گئے تین راکٹوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔
راکٹ اختر محمد روڈ شانتی نگر، فقیر محمد روڈ عثمانیہ گلی اور میر احمد خان روڈ پر گرنے سے تین راہگیر معمولی زخمی ہو گئے جبکہ متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔
خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی رات کوئٹہ شہر کے مختلف حصوں پر تین راکٹ داغے گئے۔
پہلا راکٹ اختر محمد روڈ شانتی نگر میں ایک رہائشی گھر کی چھت پر گرا، جس سے چھت میں بڑا سوراخ ہو گیا اور گھر پر نصب سولر سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسرا راکٹ فقیر محمد روڈ عثمانیہ گلی میں رہائش پذیر محمد عثمان کے گھر کی چھت پر گرا۔ اس حملے سے گھر کی چھت اور دیواریں شدید متاثر ہوئیں، جس سے عمارت کو کافی نقصان پہنچا۔
تیسرا راکٹ میر احمد خان روڈ پر واقع ایک ڈبل اسٹور گھر کی چھت کی چار دیواری سے ٹکرایا۔ نتیجے میں دیوار گر گئی اور قریبی راستے پر چل رہے تین راہگیر معمولی زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس، ایف سی اور دیگر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر تمام متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لے لیا علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے تصدیق کی کہ راکٹ نامعلوم سمت سے فائر کیے گئے اور وہ اختر محمد روڈ شانتی نگر، فقیر محمد روڈ اور میر احمد خان روڈ کے قریب گرے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھرپور آپریشن شروع کر دیا ہے۔راکٹ حملوں کی خبر ملنے کے فوراً بعد شہر کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ڈاکٹرز اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ تاہم الحمدللہ راکٹ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔شہر بھر میں سیکورٹی الرٹ کو ہائی کر دیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سیکورٹی فورسز مشتبہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب کوئٹہ شہر میں پہلے ہی سیکورٹی صورتحال حساس بتائی جا رہی تھی۔
شہریوں نے رات گئے آنے والے زور دار دھماکوں کی آوازوں سے شدید خوف کا اظہار کیا۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ راکٹ گھروں کی چھتوں پر گرنے سے خواتین اور بچوں میں شدید دہشت پھیل گئی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس سٹیشن یا سیکورٹی ایجنسیوں کو دیں۔ تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے