چنیوٹ کے علاقے کانڈیوال روڈ بشیر کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں زیرِ تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گھر کے افراد چھت کے نیچے سو رہے تھے کہ اچانک چھت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ماں، باپ اور ان کے دو جوان بیٹے ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ بہو کو شدید زخمی حالت میں نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے تلے دبے افراد کو نکالا گیا۔