غیر قانونی ٹریول ایجنسی کے خلاف کارروائی، ملزم گرفتار

غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری


ویب ڈیسک April 30, 2026

ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر شاہراہ فیصل کراچی میں قائم غیر قانونی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران ملزم محمد حمزہ، مالک شاہین ہالیڈیز ٹریولز اینڈ ٹورز کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر ویزا اور ٹکٹنگ کا کاروبار کر رہا تھا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں کئی ماہ سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

چھاپے کے دوران مختلف افراد کے پاسپورٹس، چیک بکس، موبائل فونز، کمپنی اسٹیمپس، کمپیوٹر سسٹم اور دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔ ملزم بیرون ملک (امریکہ، ملائیشیا، تھائی لینڈ) کے ویزوں کے حصول کے لیے شہریوں سے پاسپورٹس اور فیس وصول کرتا تھا۔

ملزم کو تحویل میں لے کر مقدمہ نمبر 150/2026 درج کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔