اسلام آباد؛ آن لائن بلیک میلنگ، خاتون کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم گرفتار

این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ملزم کو اسلام آباد سے گرفتارکیا اور پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، حکام


صالح مغل May 01, 2026
فوٹو: فائل

نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے آن لائن بلیک میلنگ اور خاتون کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق این سی سی آئی اے راولپنڈی کے سب انسپکٹر امجد بلال کی ٹیم نے ساہیوال سے تعلق رکھنے والے مشتبہ شہری عمیر ادریس کو چھاپہ مار کر اسلام آباد سے گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے جعلی انسٹاگرام آئی ڈی کے ذریعے جعلی نازیبا ویڈیوز تیار کرکے خاتون کو بلیک میل کیا، ویڈیوز کی بنیاد پر متاثرہ خاتون کو دھمکیاں دے کر ہراساں کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال بھی کرتا رہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے ملزم سے 2 موبائل فون بھی برآمد کر کے ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ عدالت سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر امجد بلال تفتیش میں مصروف ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے احسان اللہ چوہان کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر مدثر شاہ کی نگرانی میں خواتین کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت این سی سی آئی اے متحرک ہے۔