کراچی:
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن اور پورٹ قاسم کے قریب فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس بریانی سینٹر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ، مقتول کی لاش ضابطے کی کاررورائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوا ہے۔
مقتول کی شناخت 28 سالہ زین اللہ ولد محمد ادریس کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 25 سالہ داؤد ولد ضیا الدین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مقتول اور زخمی آپس میں کزن ہیں جو سرکاری ٹھیکے پر بنارس پل کے نیچے بریانی سینٹر کے سامنے ٹائل لگانے کا کام کروا رہے تھے کہ بریانی سینٹر پر موجود افراد سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی اور اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا گیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ بریانی سینٹر سے مبینہ طور پر کی گئی فائرنگ میں ملوث ملزمان بھی مقتول اور زخمی رشتے دار ہیں اور چند روز قبل بھی ان میں کسی بات پر تکرار ہوئی تھی۔
پولیس کو فائرنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی گرفتاری ک لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے پولیس کو نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔
مقتول اور زخمی شخص واٹر بورڈ کالونی کے رہائشی ہیں اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا پورٹ قاسم علی محمد گوٹھ چھپڑا ہوٹل کے قریب فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی ، ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ محمد سلیم کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے بھائی 26 سالہ رشید احمد ولد علی حیدر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او بن قاسم فیصل رفیق نے بتایا کہ واقعے میں پراسراریت ہے ، فائرنگ سے زخمی رشید نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ 10 روز قبل ان کے پڑوسی نے ان سے موٹر سائیکل چھینی تھی اور جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہ موٹر سائیکل کی واپسی سے متعلق محلے کے کچھ افراد کے ہمراہ بات چیت کررہے تھے کہ اس دوران تلخ کلامی کے دوران کی گئی۔
فائرنگ سے بھائی جاں بحق جبکہ وہ زخمی ہوگیا ، ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل چھین جانے سے متعلق تھانے میں جو درخواست دی گئی تھی وہ نامعلوم کے خلاف تھی اور اب زخمی کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پڑوسی نے چھینی تھی تو انھوں نے یہ بات پولیس سے کیوں نہیں بتائی۔
تاہم پولیس کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کا پتہ چل گیا ہے جنھیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا اور اس حوالے سے پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے ۔