کراچی:شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت: ملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ بادی النظر میں ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں


ویب ڈیسک April 30, 2026

کراچی کی ایڈیشنل سیشن عدالت غربی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں ملزم محمد اسماعیل کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ سنایا گیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ بادی النظر میں ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے گلشنِ معمار میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے 22 سالہ اقصیٰ جاں بحق ہو گئی۔ عدالت نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موت کی وجہ سر پر گولی لگنا ہے۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ ملزم کی رہائی کی صورت میں شواہد پر اثر انداز ہونے اور گواہوں کو متاثر کرنے کا خدشہ موجود ہے۔ دوسری جانب وکیلِ صفائی ملزم کے خلاف بدنیتی یا جھوٹے مقدمے کا کوئی واضح ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے، جس پر عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔