ملک کے ہر مزدور کو دشمنوں سے معاشی جنگ لڑنا ہوگی؛ مجتبیٰ خامنہ ای کا یوم مزدور پر پیغام

ملک میں تیار کی جانے والی اشیا کے استعمال کو ترجیح دی جائے تاکہ ملکی معیشت کو سہارا مل سکے


ویب ڈیسک May 01, 2026
ایرانی سپریم لیڈر کا خود انحصاری پر زور

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں زور دیا ہے کہ دشمنوں کو مایوسی اور شکست دینے کے لیے ہر شخص کو معاشی جنگ لڑنا ہوگی۔

ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم لیڈر نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ ایران نے عسکری میدان میں اپنی صلاحیت اور ترقی کا دنیا کو ثبوت دے دیا تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتصادی اور ثقافتی محاذ پر بھی اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمنوں کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے خود انحصاری ناگزیر ہوچکی ہے۔ ملک میں تیار کی جانے والی اشیا کے استعمال کو ترجیح دی جائے تاکہ ملکی معیشت کو سہارا مل سکے۔

ایران کے رہبر اعلیٰ نے صنعتکاروں اور کاروباری افراد کو ہدایت کی کہ مشکلات کے باوجود محنت کشوں کو ملازمتوں سے فارغ کرنے سے حتی الامکان گریز کریں تاکہ معاشی استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کو سخت معاشی پابندیوں اور بیرونی دباؤ کا سامنا ہے جس کے باعث مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

فروری سے جاری جنگ میں امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیوں کے نفاذ نے معیشت پر مزید دباؤ ڈالا ہے.

یاد رہے کہ آج ہی امریکا نے مزید ایرانی افراد، کمپنیوں اور ایک تجارتی جہاز کو بلیک لسٹ کردیا ہے جب کہ ایسے جہازوں کو بھی پابندیوں کی دھمکی دی ہے جو آبنائے ہرمز پر ایران کو ٹول ٹیکس دے رہے ہیں۔