راولپنڈی کے قریب تھلیان انٹرچینج کے مقام پر ایم ٹو موٹروے پر ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مہران کار اور مزدا کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی تین گاڑیاں، جن میں دو ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل شامل تھی، فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جن کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت 27 سالہ فیضان اور 55 سالہ اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت عابد حسین کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 45 سال بتائی گئی ہے۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دونوں جاں بحق افراد کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جو ان کی موت کی بنیادی وجہ بنیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔