معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر تقریب، راحت فتح علی خان نے سماں باندھ دیا

معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے “لب پہ آتی ہے دعا” سمیت کلامِ اقبال پیش کر کے سماں باندھ دیا،


ویب ڈیسک May 02, 2026

معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں علامہ محمد اقبال کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھا کر عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے “لب پہ آتی ہے دعا” سمیت کلامِ اقبال پیش کر کے سماں باندھ دیا، جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء اور دیگر شرکاء نے بھی اقبال کے اشعار پیش کیے۔

تقریب میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی اور اپنے خطاب میں اقبال کے فلسفۂ خودی اور دو قومی نظریے کو اجاگر کیا۔ مقررین نے معرکۂ حق کی کامیابی کو اقبال کے خوابوں کی تعبیر قرار دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فکرِ اقبال نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔