پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلاون ڈے میچ 168 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا، مہمان ٹیم 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں36.4اوورز میں162رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان ویمن ٹیم نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی ویمن کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور کرتے ہوئےمقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز جوڑے، صدف شمس نے 98 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، گل فیروزہ اور سدرا امین ففٹیز بنانے میں کامیاب رہیں۔ناجیہ علوی نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی،ڈیبیو کرنے والی مومنہ ریاست کو بھی وکٹ مل گئی،مہمان ٹیم کی بلونڈا بیزا کے 53 رنز رائیگاں گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں کھو کر 330 رنز جوڑ ے، یہ نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی پر ویمن کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور تھا،گل فیروزہ اور صدف شمس نے 162 رنز کی عمدہ شراکت سے پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا۔
گل فیروزہ 60 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں جبکہ صدف شمس 2 رنز کی کمی سے سنچری بنانے سے محروم رہیں،انہوں نے 130 گیندوں پر 17 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی اننگ کھیلی، سدرہ امین نے 67 رنز کا شاندار اضافہ کیا ،عائشہ ظفر 3 اور عالیہ ریاض 2 رنز کی مہمان رہیں،ناقابل شکست رہنے والی نجیہ علوی نے جاریہ انداز میں29 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز جوڑے جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 3 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 11 رنز کا اضافہ کیا، پریشس سرانگی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں مشکل ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم 36.4اوورز میں 162رنز شبنا کر ڈریسنگ روم لوٹ گئی،بلونڈا بیزا 53 گیندوں پر اتنے ہی رنز چار چوکوں کی مدد سے بناکر نمایاں رہیں۔
کیلس اینڈی باولو نے 31 ،کپتان نومویلو سیبانڈا نے17 اور کیلے اینڈریا نے11 رنز کے ساتھ مزاحمت کی،ملینڈا نے 10 رنز بنائے،کپتان فاطمہ ثنا، تسمیہ رباب اور سیدہ عروب شاہ نے 2،2 وکٹیں باہم تقسیم کیں،ڈیبیو کرنے والی مومنہ ریاست اور نشرہ سندو نے 1،1 وکٹ حاصل کی،کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی،دوسرا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔