کیمیکل فیکٹری کو 5لاکھ سے زائد بجلی کا بل بھیجنے پر کے الیکٹرک و دیگر کو نوٹس

کے الیکٹرک نے بجلی چوری کا الزام لگا کر اضافی بل بھیجا، درخواست گزار وکیل کا عدالت میں موقف


کورٹ رپورٹر May 05, 2026

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کیمیکل فیکٹری کو اضافی بجلی کا بل بھیجنے کے خلاف درخواست پر کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔

جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ کے روبرو کے الیکٹرک کا کیمیکل فیکٹری کو اضافی بجلی کا بل بھیجنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع پنجاب کیمیکل فیکٹری کو اچانک 5 لاکھ روپے سے زائد بجلی کا بل بھیجا گیا۔ کے الیکٹرک نے بجلی چوری کا الزام لگا کر اضافی بل بھیجا۔ نیپرا میں کے الیکٹرک درخواست گزار کے خلاف چوری کا الزام ثابت نہیں کر سکا۔

درخواست گزار کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کو استعمال شدہ بجلی کے یونٹس کے مطابق بجلی کا بل جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ کے الیکٹرک جرمانے کے ساتھ اضافی بل بھیج رہا ہے لہٰذا کے الیکٹرک کو اضافی بجلی کا بل وصول کرنے سے روکا جائے۔

جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 20 مئی کو جواب طلب کرلیا۔