پھول بھیجنے کے بجائے فلسطینیوں کی مدد کریں، زین ملک کے اہلِ خانہ کی مداحوں سے اپیل

زین ملک کی علالت کے بعد دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے پھولوں کے گلدستوں کا سلسلہ جاری ہے


ویب ڈیسک May 05, 2026

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کی علالت کے بعد دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں اور پھولوں کے گلدستوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اب ان کے اہلِ خانہ نے مداحوں سے ایک مختلف اور انسان دوست اپیل کی ہے۔

زین ملک کی صحت سے متعلق تشویشناک خبروں کے بعد ان کی رہائش گاہ اور دفاتر میں بڑی تعداد میں پھول، تحائف اور خیرسگالی کے پیغامات موصول ہو رہے تھے، جس کے باعث ان سب کو سنبھالنا ایک بڑا لاجسٹک مسئلہ بن گیا۔

اس صورتحال پر زین ملک کی کزن ساشا ملک نے انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ گلوکار کو مزید گلدستے بھیجنے کے بجائے فلسطینی عوام کے لیے عطیات دیں۔

ساشا ملک نے اپنے پیغام میں مداحوں کی محبت اور خلوص پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں موصول ہونے والے تحائف کو سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے، لہٰذا اگر مداح واقعی زین سے محبت کرتے ہیں تو اس جذبے کو فلسطین پروجیکٹ کے لیے عطیات کی صورت میں ظاہر کریں۔

یاد رہے کہ زین ملک نے 17 اپریل کو اسپتال کے بستر سے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ غیر متوقع طور پر صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے طبی عملے اور چاہنے والوں کی دعاؤں پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ اس اپیل کو مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے، جبکہ کئی صارفین نے اسے ایک بامقصد انسانی قدم قرار دیا ہے۔