پاکستان اور بنگلادیش ٹیسٹ سیریز، بنگلادیشی بورڈ کا مفت داخلے کا اعلان!

بنگلادیشی بورڈ کی جانب سے یہ اعلان ایکس کی پوسٹ میں کیا گیا


ویب ڈیسک May 05, 2026

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں طلبا اور کرکٹ اکیڈمی میں کرنے والوں کے لیے مفت داخلے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ بنگلادیش بمقابلہ پاکستان ٹیسٹ سیریز میں کرکٹ کے شوقین جونیئرز کو کھیل کا بہترین فارمیٹ اسٹینڈز اور گیلریز سے دیکھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ وہ طلبا جو اپنے اسکول یا تعلیمی ادارے کا یونیفارم پہنے ہوں گے اور اسکول یا ادارے کی درست شناختی دستاویز رکھتے ہوں گے وہ متعین کردہ گیلریز میں مفت میچ دیکھ سکیں گے۔

بورڈ نے مزید کہا کہ پرائیوٹ اکیڈمیوں میں ٹریننگ کرنے والے انڈر 15 نوجوان بھی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

واضح رہے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ 8-12 مئی تک میر پور کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

جبکہ دوسرا میچ 16-20 مئی تک سلہٹ کے سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔