علامات ظاہر ہونے سے پہلے لبلبے کے کینسر کی نشاندہی کرنیوالا اے آئی مادل

یہ ماڈل سی ٹی اسکینز کے ذریعے لبلبے کے کینسر کی علامات کو طبی تشخیص سے تین سال پہلے تک پکڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے


ویب ڈیسک May 06, 2026

سائنس دانوں نے مصنوعی ذہانت کا ایک نیا ماڈل تیار کیا ہے جو سی ٹی اسکینز کے ذریعے لبلبے کے کینسر کی علامات کو طبی تشخیص سے تین سال پہلے تک پکڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مایو کلینک کے محققین کی تیار کردہ یہ ٹیکنالوجی لبلبے میں ایسے باریک اور پوشیدہ پیٹرنز کی نشاندہی کرتی ہے جو انسانی آنکھ سے نظر نہیں آتے۔

عام طور پر جب مریضوں میں پیٹ درد یا وزن میں کمی جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں، تب تک کینسر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہوتا ہے۔ اس وقت لبلبے کے کینسر میں پانچ سال تک زندہ رہنے کی شرح صرف 13 فی صد ہے۔

اس اے آئی سسٹم (جسے ’ریڈیو مِکس-بیسڈ ارلی ڈیٹیکشن‘ کہا جاتا ہے) کو تقریباً ایک ہزار سی ٹی اسکینز کی مدد سے تربیت دی گئی۔ یہ اسکینز اُن مریضوں کے تھے جن کا ابتدا میں کسی اور بیماری کے لیے معائنہ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں ان میں لبلبے کا کینسر تشخیص ہوا۔

جب اس اے آئی ماڈل کا موازنہ ماہر ریڈیولوجسٹس سے کیا گیا تو یہ ابتدائی علامات کی شناخت میں نمایاں طور پر زیادہ مؤثر ثابت ہوا۔

یہ تحقیق جرنل گَٹ میں شائع ہوئی ہے۔