پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نیاز منزل، نارتھ ناظم آباد سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’تیس مار خان اور کمانڈو گروہ‘ سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان گلفام عرف سنی ولد نیئر احمد، محمد شان ولد محمد حسین، داؤد ولد حاجی موسیٰ، اشرف عرف پنو ولد رمضان اور اسماعیل ولد میکائیل کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1عدد 30 بور پستول (بغیر لائسنس)، 2 عدد 9MM پستول (لائسنس یافتہ)، 5 عدد میگزین بمعہ 28 عدد روند، 5 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد* کر لی گئی۔
گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقوں حیدری مارکیٹ، گودرہ چوک، گلبرگ ٹاؤن، سرینہ موبائل مارکیٹ، ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل، کار، رکشہ اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
گرفتار ملزم محمد شان غیر قانونی اسلحہ جرائم پیشہ افراد کو فراہم کرنے کے علاوہ چھینے گئے موٹرسائیکلوں کی خریدوفروخت میں بھی ملوث ہے۔
گرفتار ملزمان تقریباً 450 سے 500 ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہریوں سے متعدد موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور تقریباً 35 سے 40 لاکھ روپے چھیننے میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان ڈکیتی مزاحمت پر 5 سے 6 شہریوں کو زخمی بھی کر چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور کراچی کے کئی تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز بھی درج ہیں جبکہ گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔