کراچی میں ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق

اورنگی ٹاؤن میں نوعمر لڑکا پانی کے ٹینک میں ڈوب کر انتقال کرگیا


منور خان May 08, 2026

لیاقت آباد فلائی اوور پر ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ اورنگی گلشن بہار میں نوعمر لڑکا پانی کے ٹینک میں گرنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد فلائی اوور پر عائشہ منزل کی جانب جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوئے جن کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید منتقل کی گئی۔

اسپتال میں متوفی کی شناخت 65 سالہ فیروز کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او گلبرگ فرزاد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ رکشے کی ٹکر سے پیش آیا تھا جس کی ڈرائیور موقع سے رکشا سمیت فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے جبکہ متوفی کریم آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے تاہم پولیس واقعے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا اورنگی ٹاؤن گلشن بہار سیکٹر 16 کے قریب پانی کے ٹینک میں گرنے سے کمسن لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ زیر تعیمر گھر کے ٹینک میں گرنے پیش آیا ہے جبکہ متوفی کی شناخت 7 سالہ عفان کے نام سے کی گئی تاہم اس حوالےسے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔