راولپنڈی:
راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال میں دورانِ زچگی نومولود بچے کی پراسرار ہلاکت پر لواحقین اور ہسپتال انتظامیہ کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی جبکہ اہل خانہ نے ڈاکٹروں پر سنگین غفلت کے الزامات عائد کر دیے۔
پولیس کے مطابق خاتون آرم کھوکھر کو سیدپور روڈ پر واقع قاسمی سرج انٹرنیشنل اسپتال میں زچگی کے لیے داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹر سبین کی نگرانی میں آپریشن کیا گیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے اطلاع دی کہ بچہ مردہ پیدا ہوا ہے تاہم جب اہل خانہ نے نومولود کو دیکھا تو اس کے سر اور گردن پر زخموں کے نشانات موجود تھے جس پر انہوں نے فوری طور پر انتظامیہ سے وضاحت طلب کی۔
اہل خانہ کے مطابق ہسپتال انتظامیہ مسلسل یہی مؤقف اختیار کرتی رہی کہ بچہ مردہ پیدا ہوا جبکہ لواحقین نے مبینہ غفلت اور حقائق چھپانے کا الزام لگا کر اسپتال میں احتجاج شروع کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او بنی ارسلان یاسین پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
بچے کے والد نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ دورانِ ڈیلیوری مبینہ طبی غفلت کے باعث نومولود کی جان گئی۔
پولیس حکام کے مطابق والدین کی درخواست وصول کر لی گئی ہے اور ابتدائی رپورٹ درج کرنے کے بعد معاملہ ہیلتھ کیئر پنجاب کو بھجوایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔