وزیراعظم اور اپوزیشن کی ملاقات تاحال کیوں نہیں ہو سکی؟ طارق فضل چوہدری نے اہم وجہ بتا دی

حکومت پہلے بھی مذاکرات کے لیے تیار تھی اور اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، وفاقی وزیر برائے پارلمانی امور


ویب ڈیسک May 08, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر برائے پارلمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خطے کی صورتحال کے حوالے سے جو معاملات ہوئے اس کی وجہ سے ملاقات نہ ہو سکی، پاکستان جنگ بندی کے لیے جو کوششیں کرتا رہا وہاں مصروفیات کی بنا پر یہ ملاقات نہ ہو سکی تھی۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ملاقات سے متعلق پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس اور وزیر اعظم چیمبر کے دروازے اپوزیشن لیڈر کے لیے کھلے ہیں، حکومت پہلے بھی مذاکرات کے لیے تیار تھی اور اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کوشش کر رہے ہیں کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہو سکے، وزیراعظم ہاؤس یا اسپیکر چیمبر میں اگر اپوزیشن آنا چاہے تو ہم وہاں بھی بات کرنے کو تیار ہیں، اگر لیڈر آف دی اپوزیشن چیمبر بھی جانا پڑا تو وزیراعظم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔

طارق فضل نے کہا کہ پاکستان میں عالمی معاملات اور صورتحال کی وجہ سے ملاقات میں وقفہ آیا، آج بھی امریکی صدر پاکستان کی سفارتکاری کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر تعیناتیوں اور تقرریوں سے متعلق جو مشاورت کریں گے تو توقع ہے فیصلے ہو جائیں گے، شہباز شریف نے افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کرنے کی بات کی۔ اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت کو کوئی مفید مشورے دیے جا سکتے ہیں تو ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے پارلمانی امور کا کہنا تھا کہ جب بھی مذاکرات کا کوئی موقع آیا اپوزیشن نے راہ فرار اختیار کی، محمود خانہ چکزی ایک زیرک سیاستدان ہیں ان کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔