ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان (ایچ آر سی پاکستان) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے غریب، مزدور اور متوسط طبقے کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔
تنظیم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی روزمرہ زندگی پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں آٹا، دال، سبزی، دودھ، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
بیان کے مطابق رکشہ ڈرائیور، دیہاڑی دار مزدور، ٹرانسپورٹ ورکرز، طلبہ اور سفید پوش طبقہ پہلے ہی مہنگائی اور کم آمدنی کے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ حالیہ اضافہ ان کے لیے اضافی معاشی دباؤ کا باعث بنے گا۔
ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، اشرافیہ کی غیر ضروری مراعات کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کو روکا جائے۔
تنظیم نے حکومت پر زور دیا کہ معاشی فیصلوں میں عوامی مشکلات اور انسانی ہمدردی کو ترجیح دی جائے تاکہ شہریوں کو باوقار زندگی گزارنے کے بنیادی حقوق میسر رہ سکیں۔