کراچی میں ملیر جیل سے قتل اور اغوا کے مقدمات میں قید ایک ملزم کے فرار ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق قیدی کے فرار کا مقدمہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانہ میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ ایف آئی آر کے متن کے مطابق جیل میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ بیرک نمبر 3، سرکل 1 میں قیدیوں کی گنتی کے دوران ملزم طاہر نوید غائب پایا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں بیٹ انچارج سمیت چار اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزم طاہر نوید کو جوہرآباد انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار کیا تھا اور اسے 27 اپریل کو جیل کسٹڈی میں بھیجا گیا تھا۔
حکام کےمطابق مذکورہ مفرور قیدی نویدماضی میں صحافی ولی بابرقتل کیس کے الزام میں بھی گرفتار ہوا تھا، ولی بابر قتل کیس میں ملزم عدم شواہد پر بری ہوا تھا۔
دوسری جانب لانڈھی جیل سے قیدی سید طاہر عرف نوید پولکا کے فرار کے معاملے پر صوبائی وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے سخت نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
علی حسن زرداری نے کہا کہ محکمہ جیل کے ذمہ دار افسران کو معطل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سنگین غفلت میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ لانڈھی جیل سے قیدی کس طرح فرار ہوا، جس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔