بھارت میں شادی کی تقریب اُس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب معمولی تنازع نے شدت اختیار کرلی، واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر گورکھپور کے مقامی میرج ہال میں شہری جتیندر کی بیٹی کی شادی کی تقریب جاری تھی۔ جمعہ کی شب بارات کی آمد کے بعد ڈی جے پر گانا چلانے کے معاملے پر لڑکی والوں اور باراتیوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ اس وقت مزید بگڑ گیا جب ایک باراتی نے کھانے میں لیگ پیس نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا، جس کے بعد معمولی جھگڑا ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دیکھتے ہی دیکھتے دونوں جانب سے اینٹوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال شروع ہوگیا، جبکہ بعض افراد تلواریں اور بیلٹ لے کر بھی ایک دوسرے پر حملہ آور ہوئے۔ میرج ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور مہمان جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر دوڑتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق تصادم کے دوران لڑکی والوں نے باراتیوں کے دو نوجوانوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سمت نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ ’نیپالی‘نامی ایک اور نوجوان زیر علاج ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، تاہم اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا۔ متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اب تک متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔