جماعت اسلامی نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف 15 مئی کو اسلام آباد میں بڑے احتجاج کی کال دے دی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھتی جارہی، حکومتی مجرمانہ اقدامات جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں، جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف عید کے بعد بڑی کال دینے جارہی ہے، اس سے قبل 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کریں گے جہاں آگے کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے، ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی موجود ہے، حکومت کو عوام کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 271 روپے بنتی ہے، باقی رقم ٹیکسز اور لیوی کی مد میں عوام ادا کرتے ہیں، اس لیوی کا پیٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حکومت صرف ٹیکس کے اہداف کو پورا کرنے کیلئے لیوی کو استعمال کرتی ہے۔ ٹیکس کے اہداف اور آئی ایم ایف کے احکامات پورے کئے جارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ٹی وی پر چچا بھتیجی کے اشتہارات کی قیمت بھی قوم ادا کرتی ہے، تین سال میں بجلی کے ٹیکسز میں 19 کھرب روپے وصول کئے گئے، پنجاب میں غربت میں 41 فیصد ہوا ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہیں، مریم نواز گیارہ ارب کا جہاز خرید چکی ہیں یوسف رضا گیلانی نو کروڑ کی گاڑی خریدتے ہیں مگر عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھیں، کیا جنگ کے اثرات کیا صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟۔ فروری سے ابتک ایل پی جی کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہوگیا ہے، کسی شعبے میں حکومت کی گورننس نہیں آتی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف تحریک کو جماعت اسلامی لیڈ کرے گی، ہم بائیک چلانے والوں سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ پرامن رہ کر سڑکوں کو بند کردیں، پاکستان کے اڑھائی کروڑ بائیک والے اس تحریک کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھا سکتے ہیں۔