کراچی:
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ائیرپورٹ پر خواتین ملازمین کی سہولت کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ہیڈکوارٹرز کے بعد جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر بھی ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بیگم ائیر وائس مارشل ذیشان سعید ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بے بی ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایئرپورٹ منیجر اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پی اے اے کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر قائم ڈے کیئر سینٹر تمام ملازمت پیشہ ماؤں کے بچوں کے لیے دستیاب ہوگا جبکہ 3 ماہ سے 3 سال تک کے بچوں کو ڈے کیئر سینٹر میں داخلے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈے کیئر سینٹر ابتدائی مرحلے میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک فعال رہے گا جبکہ مستقبل قریب میں اسے 24 گھنٹے فعال بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
پی اے اے کے مطابق ڈے کیئر سینٹر کے قیام سے کام کرنے والی ماؤں کو بچوں کی نگہداشت میں سہولت میسر آئے گی۔