وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجارنے منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کو عدالت میں پروٹوکول دینے کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈ ن سے منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں بغیر ہتھکڑی پروٹوکول کے ساتھ پیش کیا گیا، جس کی ویڈیو سامنے آنے پر وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لیا۔
وزیرداخلہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی شفاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ملزمہ کو پروٹوکول دینے سے متعلق تمام ذمہ دار اہلکاروں سے وضاحت مانگی ہے۔
ضیا الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ ملزمہ کو پروٹوکول فراہم کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ایسا عمل کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، غفلت برتنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مجرم قانون سے بالاتر نہیں، ہر شخص کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ کیا جائے، پولیس کی وردی عوام کے اعتماد کی علامت ہے، اختیارات کا غلط استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ضیا الحسن لنجار نے ملزمہ کو پروٹول دینے کے عمل کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں ملزمان کو غیر ضروری پروٹوکول دینا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، سندھ حکومت قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور شہریوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ محکمہ داخلہ اس معاملے کی مکمل نگرانی کر رہا ہے، رپورٹ آنے پر مزید سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
قبل ازیں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈشنل آئی جی کراچی کوواقعے کی مفصل ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور واقعے میں غفلت و کوتاہی کے مرتکب متعلقہ تفتیشی افسرو عملے کو فوری طور پر معطل کرکے گارڈن ہیڈکواٹرساؤتھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
آئی جی سندھ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لئے سینئرافسرپرمشتمل تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اُدھر ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے انمول عرف پنکی کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
کراچی پولیس چیف نے متعلقہ افسران کے کردار کے تعین کیلئے انکوائری کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کراچی پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔