ایران کیساتھ جنگ میں ہمیں چین کی مدد کی ضرورت نہیں ہے؛ ٹرمپ بیجنگ کیلیے روانہ

صدر ٹرمپ کے دورۂ چین میں ان کے بیٹے بھی ہمراہ ہیں


ویب ڈیسک May 12, 2026
امریکی صدر دورۂ چین کے لیے روانہ ہوگئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وفد کے ہمراہ چین کے اہم دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ چینی صدرشی جنپنگ سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، ایران جنگ، عالمی تجارت اور آبنائے ہرمز کے بحران سمیت کئی اہم معاملات پر بات چیت کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روانگی کے وقت ایئر فورس ون میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، امریکی تجارتی نمائندہ جیمی سن گریئر، وائٹ ہاؤس کے نائب چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر اور جیمس بلیئر تھے۔

علاوہ ازیں وفد میں ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ اپنی اہلیہ کے ہمراہ شامل ہیں جب کہ امریکی صدر کے سائنس مشیر مائیکل کریٹسیوس اور چیف آف پروٹوکول مونیکا کراؤلی بھی شامل ہیں۔

روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ایران کے معاملے میں کسی کی مدد کی ضرورت ہے۔ ہم یہ جنگ یا تو پُرامن طریقے (امن معاہدے) یا کسی اور طریقے سے (فوجی کارروائیوں) سے جیت لیں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جنپنگ سے بات چیت کے لیے بہت سے موضوعات ہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ ایران ان میں سب سے اہم ہوگا کیونکہ ایران کی صورتحال ہمارے مکمل کنٹرول میں ہے۔

یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ چین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ایران اور خلیجی صورتحال میں اپنا کردار ادا کرے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھلوانے میں مدد کرے۔