راولپنڈی:
راولپنڈی میں ڈیجیٹل ٹریفک چالان ’’ون ایپ‘‘ کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت شواہد پر مبنی چالان کیے جائیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی میں پہلی بار شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا، ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان کرکے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ٹریفک خلاف ورزیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی۔ موقع پر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور ایف آئی آر کے متعلق تصدیق بھی ہوسکے گی۔
ترجمان کے مطابق گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری ویری فکیشن ہوگی۔ تجاوزات ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی ہوگی۔
انٹیگریٹڈ سسٹم کے تحت ای چالان، ایف آئی آر اسٹیٹس اور کریمنل ریکارڈ بھی چیک ہوگا۔ ٹریفک وائلیشن کی تفصیلات کیو آر کوڈ کے ذریعے شہریوں کو موصول ہوسکیں گی۔
سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم کے مطابق ڈیجیٹل شواہد سے شفاف اور بلا امتیاز انفورسمنٹ یقینی بنائیں گے۔ ون ایپ کے نفاذ سے سڑکوں پر نظم و ضبط اور محفوظ سفر کو فروغ ملے گا۔