ایران امریکا جنگ بندی پر غیر یقینی صورتحال، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

مارکیٹ اس وقت ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری نازک جنگ بندی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے


ویب ڈیسک May 13, 2026

ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور غیر یقینی جنگ بندی کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

مسلسل تین روز اضافے کے بعد بدھ کے روز تیل کی قیمتیں نیچے آگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کی نظریں خطے کی صورتحال اور امریکی صدر ٹرمپ کے دورۂ چین پر مرکوز ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 82 سینٹس یا 0.76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 106.95 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 66 سینٹس یا 0.65 فیصد کم ہوکر 101.52 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق مارکیٹ اس وقت ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری نازک جنگ بندی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، کیونکہ کسی بھی نئی فوجی کارروائی یا آبنائے ہرمز میں کشیدگی عالمی توانائی مارکیٹ کو دوبارہ متاثر کرسکتی ہے۔

سرمایہ کاروں کی توجہ اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چین کے دورے پر بھی مرکوز ہے، جہاں وہ چینی صدر شی جنپنگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان مذاکرات میں ایران جنگ، عالمی معیشت، تجارتی تعلقات اور تیل کی ترسیل جیسے اہم موضوعات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا، چین اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی آتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید مستحکم ہوسکتی ہیں، تاہم خطے کی صورتحال اب بھی انتہائی حساس تصور کی جا رہی ہے۔