کراچی؛ گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے گلا دبا کر بیوی کو قتل کر دیا، ملزم گرفتار

دونوں کے درمیان چند روز سے جھگڑے ہو رہے تھے، مقتولہ شوہر سے طلاق کا مطالبہ بھی کر رہی تھی



کراچی:

سرجانی ٹاؤن شاہ بیگ گوٹھ چانڈیو ڈیرہ کے قریب گھر میں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے شاہ بیگ گوٹھ چانڈیو ڈیرہ کے قریب گھر سے خاتون کی لاش ملی، جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتولہ کی شناخت 40 سالہ کرن عرف صائمہ زوجہ نذیر کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن سہیل خاصخیلی کے مطابق مقتولہ کو اس کے شوہر نے گھریلو جھگڑے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ اور اس کے شوہر کے درمیان چند روز سے جھگڑے ہو رہے تھے، مقتولہ شوہر سے طلاق کا مطالبہ کر رہی تھی، جمعرات کی صبح گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا دبا کر اسے قتل کر دیا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شوہر نذیر کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے اور گرفتار شوہر کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔