بنوں؛ دہشتگروں کا کنگر پل چوکی پر حملہ پولیس نے ناکام بنادیا، 4 خوارج ہلاک

آئی جی خیبرپختونخوا نے فتنۃ الخوارج کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر بنوں پولیس کو شاباش دی اور قابل فخر قرار دیا


احتشام خان November 14, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر پولیس چوکی کنگر پل پر اچانک حملہ کیا تاہم چوکی پر تعینات مستعد پولیس اہلکاروں نے انتہائی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھرپور مزاحمت کے ذریعے نے حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ پولیس چوکی پر حملے کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس لائنز سے کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف)، ریپڈ رسپانس فورس(آر آر ایف) اور اضافی پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

بعد ازاں علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں اور ان کے قبضے سے چار کلاشنکوفیں، متعدد میگزین، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دستی بم اور بندولیئرز بھی برآمد کر لیے گئے۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنانے پر بنوں پولیس کو خصوصی شاباش دی اور کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، جس سے ہمارے اعلیٰ تربیت یافتہ بیدار سپاہ نے ناکام بنایا جو قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے فیصلہ کن خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے تحت بہترین کارروائیاں کر رہے ہیں اور اس ناسور سے مٹی کو پاک کریں گے۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور عوام اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔