اسلام آباد میں پی سی بی گرلز کرکٹ کلب کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر تموتھی کین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں نوجوان لڑکیوں کی کرکٹ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کے پاس کھیلوں کے شعبے میں آگے بڑھنے کا بہترین موقع موجود ہے اور خواتین کھلاڑی معاشرے کے لیے رول ماڈل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کا کرکٹ کے ذریعے گہرا تعلق قائم ہے اور دونوں ممالک کھیلوں کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تموتھی کین کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی کوچز اس وقت پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان سپر لیگ میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ حالیہ پی ایس ایل ایڈیشن میں بھی آسٹریلوی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا جلد دورۂ پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلنے آ رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ہائی کمیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ مسلسل لڑکیوں کو کرکٹ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور گزشتہ دس برس سے آسٹریلیا پاکستان میں گرلز کرکٹ کی سپورٹ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لڑکیوں کا کھیلوں کے شعبے میں اعتماد اور جوش قابلِ دید ہے۔
تقریب کے اختتام پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستانی ویمن انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ایمان نصیر اور ماہم انیس نے بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔