’دو ہزار روپے دیں، ایک دن کے قیدی بنیں‘، بھارت میں ’فیل دی جیل‘ پروگرام متعارف

جو لوگ جیل میں زندگی کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں وہ فیس دے کر ’’قیدی‘‘ بن سکتے ہیں


ویب ڈیسک May 14, 2026

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں جیل انتظامیہ نے عوام کے لیے ایک منفرد اور حیران کن پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت عام شہری مقررہ فیس ادا کر کے جیل کی زندگی کا عملی تجربہ حاصل کر سکیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چنچل گوڑا سینٹرل جیل نے ’Feel the Jail‘ نامی خصوصی پروگرام شروع کیا ہے، جہاں ایسے افراد جو کبھی جیل نہیں گئے مگر وہاں کی زندگی جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں، محدود وقت کے لیے قیدیوں جیسا ماحول خود محسوس کر سکیں گے۔

اس پروگرام کے تحت اگر کوئی شخص 24 گھنٹے جیل میں گزارنا چاہے تو اسے 2000 بھارتی روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ 12 گھنٹے کے تجربے کے لیے ایک ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔

جیل حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد محض تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں اور عام شہریوں میں قانون کی پاسداری، نظم و ضبط، اور جیل کے نظام سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ لوگ جرائم کے نتائج کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس تجربے کے دوران شرکاء کو قیدیوں جیسی روزمرہ زندگی، معمولات اور ماحول سے روشناس کرایا جائے گا، تاکہ وہ عملی طور پر جان سکیں کہ جیل کی زندگی حقیقت میں کیسی ہوتی ہے۔

یہ انوکھا منصوبہ بھارت میں عوامی دلچسپی کا مرکز بن گیا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس پروگرام پر دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔