ایف آئی اے کراچی زون نے صرافہ بازار میں قانونی کارروائی کے دوران بنائی گئی گمراہ کن اور ایڈٹ شدہ ویڈیوز کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر چاندی کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئی، ایف آئی اے ٹیم نے قانون کے مطابق چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران بعض عناصر نے ہجوم اکٹھا کر کے صورتحال خراب کرنے اور قانونی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال کو کنٹرول کیا، ریکارڈ کے مطابق دکان میں 178 کلو چاندی موجود ہونا ظاہر کیا گیا تھا تاہم موقع پر صرف 15 کلو مقامی برانڈڈ چاندی برآمد ہوئی، 163 کلو چاندی کی کمی اسمگل شدہ چاندی کو مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی کے دوران غائب کیے جانے کی نشاندہی کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان کے موبائل فونز سے اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل ہوئے، ملزمان اور سہولت کاروں کے خلاف اسمگلنگ، سرکاری کارروائی میں مداخلت اور ہجوم اکسانے کے الزامات کے تحت انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ایف آئی اے کی کارروائی صرف اسمگلرز اور معاشی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف ہے، کاروباری برادری کے خلاف نہیں، قانونی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاستی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔