لاہور میں انمول پنکی کی رہائش کا راز کھل گیا، تصاویر بھی سامنے آگئیں

کرائے پر حاصل کیے گئے گھر کا معاہدہ ایکسپریس نیوز نے حاصل کر لیا


ویب ڈیسک May 16, 2026

منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے لاہور کی کی رہائش کا راز کھل گیا۔

پنکی نے منشیات خریداروں کے آسان ہدف کو نشانہ بنایا۔ پنکی نے لاہور میں نجی سوسائٹی میں گھر کرایہ پر لیا۔

جہاں رہائش اختیار کی گئی، وہاں نجی یونیورسٹی کی طالبات کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے۔ پنکی کے گھر سے چند قدم کے فاصلے پر لڑکے اور لڑکیوں کے ہوسٹلز کی بھرمار ہے۔

جس گلی میں گھر واقع ہے وہاں بھی زیادہ تر ہوسٹلز موجود ہیں جب کہ لاہور میں انمول عرف پنکی کی کرائے پر رہائش کے دستاویزات سامنے آگئے۔

دستاویز کے مطابق پنکی نے 5 مرلے کا گھر شہری جہانزیب اشرف سے کرائے پر لیا۔ کرائے پر حاصل کیے گئے گھر کا معاہدہ ایکسپریس نیوز نے حاصل کر لیا۔

دستاویز کے مطابق کرایہ نامہ 300 روپے والے اسٹامپ پیپر پر 11 ماہ کے لیے کیا گیا۔ پنکی نے کرایہ نامہ اپنے بجائے طاہر نامی شخص کے نام پر تیار کرایا۔

دستاویزات کے مطابق کرایہ نامہ طاہر نامی شخص کے نام پر تیار کرایا گیااور ایڈوانس کے طور پر 90 ہزار روپے دیے گئے جبکہ مہینےکاکرایہ 45 ہزار طے ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے وقت اس کے والدین بھی گھر میں موجود تھے جبکہ پنکی کی گرفتاری کے بعد سے گھر کو تالے لگے ہوئے ہیں۔

منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کی لاہور نواب ٹاؤن کے علاقے میں واقع گھر سے گرفتاری کے معاملے پر محلہ داروں کے مختلف بیانات سامنے آگئے۔

محلہ دار کے مطابق انمول عرف پنکی 8 سے 10 ماہ سے اس علاقے میں رہائش پذیر تھی۔ محلہ دار نے بتایا کہ یہاں بڑی گاڑیوں میں لوگ آتے جاتے تھے، جن میں لڑکیاں اور لڑکے بھی ہوتے تھے۔

محلہ دار کے مطابق بڑی گاڑیاں دو سے تین بھی گھر کے باہر کھڑی رہتی تھیں، جبکہ تین سے چار افراد گھر کے باہر بیٹھے رہتے تھے۔ رائے ونڈ روڈ پر معروف یونیورسٹیاں اور متعدد گرلز ہاسٹلز بھی موجود ہیں۔

محلہ داروں کا کہنا ہے کہ اکثر سٹوڈنٹس لڑکیوں کا آنا جانا بھی ہوتا تھا۔ ان کے مطابق پنکی کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھی اور 45 ہزار روپے ماہانہ کرایہ دیتی تھی۔

محلہ دار کے مطابق پنکی رمضان میں غریبوں میں راشن بھی تقسیم کرتی تھی، جبکہ اس نے محلے میں نیک خاتون کا روپ دھارا ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق پنکی اسی گھر میں بیٹھ کر لاہور اور دیگر صوبوں میں منشیات کا نیٹ ورک چلاتی رہی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے ایس پی سی آر او کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمات سمیت دیگر معاملات کی مکمل رپورٹ تیار کی جائے گی، جو اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کی جائے گی۔ ذمہ داران کا تعین کرکے محکمانہ اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔