گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش، پنجاب سے گندم کی ترسیل کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں سی این جی کی بندش آئین کی خلاف ورزی ہے اور اس فیصلے سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب راہداری فراہم کرے تو خیبرپختونخوا سندھ سے گندم حاصل کرسکتا ہے تاہم راہداری نہ ہونے کے باعث صوبے کو گندم مہنگے داموں مل رہی ہے۔ سندھ حکومت خیبرپختونخوا کو گندم فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔
ملاقات میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی، نو منتخب صوبائی وزیر شفیع جان اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبے میں پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشیا کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹیرینز کانفرنس کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار اس اہم کانفرنس کا انعقاد صوبے کے لیے اعزاز ہے، ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے چیف سیکرٹری کو دیگر صوبوں کی پولیس کو دی جانے والی تنخواہوں اور مراعات کا جائزہ لے کر سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔