کوٹ لکھپت: ہنی ٹریپ میں پولیس اہلکار بھی ملوث، خواجہ سراؤں کے ساتھ کارروائی

پولیس اہلکاروں نے شہری کو دھمکیاں دے کر شناختی کارڈ کی کاپی اور گیارہ ہزار نقدی چھین لی


ویب ڈیسک May 17, 2026

لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں دو خواجہ سراؤں نے قصور کے شہری کو ٹریپ کر کے اپنے فلیٹ پر بلایا، جہاں انہوں نے ساتھی خواجہ سراؤں کے ساتھ مل کر شہری پر تشدد کیا اور چالیس ہزار نقدی چھین لی۔ بعد ازاں شہری کو واش روم میں بند کر دیا گیا۔

کچھ دیر بعد فلیٹ پر چار پولیس اہلکار آئے اور خواجہ سراؤں نے شہری کو ان کے حوالے کیا۔ پولیس اہلکاروں نے شہری کو دھمکیاں دے کر شناختی کارڈ کی کاپی اور گیارہ ہزار نقدی چھین لی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو معاملے کی جانچ کا حکم دیا۔

خفیہ تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے خواجہ سراؤں سمیت چار کانسٹیبلز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتار اہلکاروں میں وقاص، سلیمان، عمیر اور عرفان شامل ہیں، جبکہ خواجہ سراؤں میں ماہی، خوشی اور کشمالہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق ملزمان شہری کو ہراساں کر کے رقم اور قیمتی اشیاء چھیننے میں ملوث تھے۔ واقعہ کا مقدمہ نمبر 2462/26 شہری بلال احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، جبکہ واقعہ میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔