زمین سے کروڑوں نوری سال موجود کہکشاں کی تصویر جاری

یہ کہکشاں زمین سے 4 کروڑ 50 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے


ویب ڈیسک May 18, 2026
(تصویر: ناسا)

ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی جانب سے لی گئی ایک نئی اور شاندار تصویر نے ایک قریبی کہکشاں کے مرکز میں موجود زبردست روشنی کے طوفان کو بے نقاب کر دیا ہے۔

میسیئر 77 یا اسکوئیڈ گلیکسی نامی یہ کہکشاں زمین سے 4 کروڑ 50 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر موجود سیٹس نام کی جھرمٹ میں واقع ہے۔

ہماری اپنی ملکی وے کی طرح یہ بھی ایک ’بارڈ اسپائرل گلیکسی‘ ہے، مگر اس کا مرکز غیرمعمولی حد تک روشن ہے۔

اس کی وجہ وہاں موجود ایک ’ایکٹو گیلیکٹک نیوکلیئس‘ ہے یعنی ایک دیوقامت بلیک ہول جو بے تحاشہ مادہ اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔

سورج سے تقریباً 80 لاکھ گنا زیادہ وزن رکھنے والا یہ بلیک ہول مادے کو اپنی جانب کھینچ رہا ہے جس کی وجہ سے اس کے اطراف بھنور بنتا ہے (جیسے سِنگ میں بھارا ہوا پانی نالی سے نکلتے وقت چکر کھاتا ہے) اور شدید حت تک گرم ہو جاتا ہے۔

یہ حرارت اتنی خوفناک اور مادے کی مقدار اتنی زیادہ ہے کہ بلیک ہول کے گرد موجود اکریشن ڈسک سے نکلنے والی روشنی پوری کہکشاں کی روشنی پر بھاری پڑ جاتی ہے۔